خاکہ انگریزی لفظ "SKETCH”کا مترادف ہے جس کے لفظی معنی اس نقشہ کے ہیں جو صرف حدودکی لکیریں کھینچ کر بنایا جائے یا ڈھانچہ تیار کیا جائے۔ اصطلاحی معنوں میں خاکہ سے مراد وہ نثری تحریریں ہیں جن میں کسی شخصیت کی مرقع کشی کی گئی ہو۔ اس لیے کہا جاتا ہے کہ خاکہ نگاری شخصیت کی عکّاسی کا فن ہے جس میں خاکہ نویس کسی شخص کی زندگی سے متعلق اہم اور مخصوص حالات وواقعات، اس کی منفرد خصوصیات، ظاہری وباطنی اوصاف، عادات واطوار، حرکات وسکنات، اس کے حلیہ، لباس، رہن سہن اور طرزِ گفتگو کو ایجاز واختصار کے ساتھ اس چابکدستی سے بیان کرتا ہے اور اس کی نفسیات، مزاج، افتادطبع پر اس طرح روشنی ڈالتا ہے کہ اس انسان کی پوری شخصیت، جیتی جاگتی، چلتی پھرتی قاری کی نگاہوں کے سامنے جلوہ گر ہوجاتی ہے۔ خاکہ شخصیت کی دلکش تصویرکشی کا نام ہے مگر ضروری ہے کہ یہ تصویر جاذب نظر اور دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ حقیقت سے دور نہ ہو اور زندگی اور اس کی حرکت وحرارت سے بھرپور ہو۔ اس لیے خاکہ نگار کو چاہئے کہ وہ شخصیت کو بغیر کسی مبالغہ آرائی اور جانبداری کے پیش کرے اور اس کے بیان میں تعریف وتنقیص یا مدح سرائی سے کام نہ لے بلکہ حقیقی اور ہمدردانہ انداز اپنائے۔