آسمانی کتابوں میں اب قرآن ہی وہ واحد کتاب ہے ،جو اب تک محفوظ ہے اور قیامت تک رہے گی، اس کی حفاظت کا ذمہ خود خدا نے لیا ہے ۔ قرآن مجید 23 برسوں میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا گیا ،جس کا مقصد انسانوں کی ہدایت بتایا گیا ۔ قرآن ایک انقلابی کتاب ہے اور یہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا سب سے بڑا معجزہ ہے ۔ قرآن مجید کی بہت ساری خصوصیات میں ایک مخصوص خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں آدمی کا ماضی ، حال اور مستقبل ہے ، جس کی مدد سے ہر کوئی ہدایت حاصل کرسکتا ہے اور اپنا حال اور مستقبل سنوار سکتا ہے ۔ دنیا کے تمام مذاہب میں کوئی ایسی کتاب نہیں ہے کہ جس کو اس کے ماننے والوں نے حفظ کر لیا ہو، سوائے قرآن کے ، قرآن ہی وہ واحد کتاب ہے جو کروڑوں لوگوں کے سینوں میں محفوظ ہے ۔
دنیا کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب قرآن مجید ہے اور دنیا کی سب سے زیادہ نہ سمجھ کر پڑھی جانے والی کتاب بھی قرآن مجید ہے ۔ یہ بڑا المیہ ہے قرآن مجید کے ساتھ کہ اس کے ماننے والے اسے ہدایت کی کتاب کم اور ثواب کی کتاب زیادہ سمجھتے ہیں ،جبکہ اس کتاب سے حضرت انسان دونوں چیزیں حاصل کر سکتا ہے ۔