یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نےاشرف المخلوقات بنایا ہے۔ وہ سورج کی شعاعوں کو گرفتارکر سکتا ہے، سمندر کی تہوں کو کھنگال سکتا ہے، غرض یہ کہ بہت سے مشکل کام کرسکتا ہے۔ لیکن انسان، انسان کی اُس شخصیت کا ادراک نہیں کرسکتا، جو کائنات کا سب سے پوشیدہ راز ہے۔ اورپھر اگر وہ شخصیت سر سید احمد خان جیسی جامع حیثیات ومجمع الکمالات ہو تو اس دشواری کا کیا ٹھکانہ! نہ قلم میں روانی، نہ زبان میں قوت گویائی! کیوں کہ سر سید احمد کی زندگی کا بیان دراصل ایک قوم کے حال اورایک ملت کے استقبال کی تفسیرہے۔