ھادیہ کے پہلے شمارے میں آپ کا استقبال ہے۔ یہ میگزین خواتین کا ایک پلیٹ فارم ہے جس کی اساس ہی میں یہ بات شامل ہے کہ یہ خواتین کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کا ذریعہ ثابت ہوگا نہ صرف ہمارے احساسات کا ترجمان ہوگا بلکہ جدید تقاضوں کے ساتھ اپنے قارئین کو فوز و فلاح کی حقیقت سے روشناس بھی کروائے گا ۔ہندوستانی سماج میں خواتین کے مسائل، محروم طبقات کے تئیں منفی سوچ، اور صنفی تفریق، ناانصافی، غیر متوازن تقسیم، اور ان کے دائرہ عمل کی حقیقی صورتحال کی ترجمانی کرے گا ۔ ٹوٹتے بکھرتے خاندان، کمزور پڑتے ازدواجی رشتے، دووقت کی روٹی کے لیے اپنا تقدس پامال کرتی خواتین یا ضرورتوں کی تکمیل کے لیے سخت تگ ودو کرتی ہوئی خواتین ،ظلم وجبر جو ان پر علمی و مادی کمزوری کی وجہ ہوتا آرہا ہے اور ان کی آوازِناتواں کو محض نقار خانے میں طوطی کے بول سمجھ کر نظر اندازکیا جاتا رہاہے ۔ یہ میگزین خواتین کی صفوں سے خواتین کے لیے خواتین کی اٹھنے والی مضبوط آواز ثابت ہوگا ۔